تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے دو مزید جاسوسوں کو گرفتار کر لیا ہے، یہ دعویٰ ایرانی وزارت سلامتی امور نے کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی’ تسنیم‘ کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے ملک میں جاسوسی کے الزام میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے 2مزید جاسوسوں کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ، اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں پکڑے جانے والے ملزمان کی تعداد گزشتہ چند ہفتوں کے دوران نصف درجن سے زائد ہو چکی ہے۔ جن ملزمان کو اب تک آپریشنز کے دوران گرفتار کیا گیا ہے وہ تہران، اصفہان، یزد، مغربی آذربائیجان اور گلستان کے مختلف علاقوں میں مقیم تھے۔ اعداد و شمار کے لحاظ سے اب تک اس حوالے سے کل 23 آپریشنل اور سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے 13 ملک کے اندر ہی سے گرفتار ہو ئے ہیں۔ ایرانی وزارت سلامتی امور کے حوالے سے یہ نہیں بتایا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے افراد کن سازشوں میں ملوث تھے؟ اور ان کی کیا نوعیت تھی؟۔واضح رہے کہ دسمبر میں بھی ایران کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس کے ادارے نے ایک آپریشن کے دوران موساد کے چار ایجنٹوں کو گرفتار کیا ہے۔