عشق میں ناکامی کا انتقام،بے مراد عاشق نے رقیب دولہے کو بم سے اڑا دیا

کبیر دھام(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں بالی ووڈ فلم انڈسٹری اپنے عروج پر ہے تو دوسری طرف فلموں میں دیکھے جانے والے کرائم سین نوجوانوں کو جرم کی طرف راغب کرنے کا بڑا ذریعہ بن رہے ہیں ،بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایسی ہی ایک واردات میں ناکام عاشق نے انتہائی فلمی قتل کی واردات کرکے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے کبیردھام ضلع میں ایک نوبیاہتا شخص نے شادی میں بطور تحفہ ملنے والا ہوم تھیٹر چالو کیا، لیکن اسے کیا پتا تھا کہ تحفے میں اسے موت بھیجی گئی ہے؟۔ہوم تھیٹر میوزک سسٹم پلگ اِن ہوتے ہی پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں وہ نوبیاہتا شخص اپنے بھائی سمیت ہلاک ہوگیا، واقعے میں چار مزید افراد بھی شدید زخمی ہوئے۔پولیس کی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ہوم تھیٹر میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا اور یہ تحفہ دلہن کے سابق بوائے فرینڈ نے پیش کیا تھا۔دھماکے کے نتیجے میں اس کمرے کی دیواریں اور چھت گر گئی جہاں ہوم تھیٹر کا نظام رکھا گیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ جب ہیمیندرا میراوی نامی دولہا نے تار الیکٹرک بینڈ سے جوڑنے کے بعد ہوم تھیٹر سسٹم کو آن کیا تو ایک زوردار دھماکہ ہوا، جس کی وجہ سے میراوی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ ان کا بھائی بھی اس دھماکے کا شکار ہوا اور دوران علاج دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ کی تفتیش کے دوران بارود کے نشانات دیکھے،جس کے بعد دلہا اور دلہن کے اہل خانہ سے پوچھ گچھ کی گئی۔بعد میں جب پولیس نے شادی کے دوران ملنے والے تحائف کی فہرست کی چھان بین شروع کی تو انہیں معلوم ہوا کہ میوزک سسٹم دلہن کے سابق عاشق کی طرف سے تحفہ تھا۔پولیس نے ملزم کی شناخت سرجو مارکم کے نام سے کی اور بعد میں اسے گرفتار کر لیا۔کبیر دھام کی ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منیشا ٹھاکر نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے قبول کیا کہ وہ اپنی سابق گرل فرینڈ سے اپنے ساتھ شادی نہ کرنے پر ناراض تھا، اس لیے اس نے اسے میوزک سسٹم کے اندر نصب دھماکہ خیز مواد تحفے میں دیا۔پولیس کے مطابق پوچھ گچھ اور کال کی تفصیلات سے معلوم ہوا کہ مراوی کی اہلیہ ملزم مارکم سے مسلسل رابطے میں تھیں، مراکم ناخوش تھا کیونکہ مراوی کے ساتھ اس کی شادی طے ہونے کے بعد عورت نے اس سے بات کرنا بند کر دیا تھا۔تحقیقات کی بنیاد پر پولیس نے دکان کے مالک سے پوچھ گچھ کی جس نے تصدیق کی کہ ملزم نے میوزک سسٹم خریدا تھا۔مارکم برسا میں آٹو مکینک کے طور پر کام کرتا تھا۔مارکم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے بم بنانے کے لیے پٹاخوں سے برآمد ہونے والے امونیم نائٹریٹ، پیٹرول اور بارود کا استعمال کیا، جس کا وزن تقریباً 2 کلو گرام تھا اور اسے میوزک سسٹم کے اندر نصب کیا۔ پولیس کے مطابق مارکم نے پاور سپلائی ڈیوائس کو دھماکے کو متحرک کرنے کے طریقہ کار کے طور پر استعمال کیا۔مارکم نے اندور میں 2015 سے 16 میں ایک سٹون کرشر پلانٹ میں کام کیا تھا اور وہاں سے اس نے امونیم نائٹریٹ کے استعمال سے بم بنانے کا طریقہ سیکھا تھا۔مارکم کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) اور 307 (قتل کی کوشش) سمیت دھماکہ خیز مواد ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں