واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنس کا کہنا ہےکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی بیماری کے حوالے سے ان کے پاس کوئی اطلاعات نہیں ہیں، وہ بالکل صحت مند ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ 70 سالہ روسی صدر پیوٹن کی صحت خراب ہے اور وہ کینسر اور پارکنسن جیسی (جس میں انسانی اعضاءآہستہ آہستہ کام کرنا بند کردیتے ہیں) بیماری میں مبتلا ہیں، تاہم اب تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق روسی صدر پیوٹن کی صحت کے حوالے سے امریکی سیکورٹی ایجنسی سی آئے اے کے سربراہ کا بیان بھی سامنے آیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ روسی صدر کی خراب صحت یا بیماری کے حوالے سے ہمارے پاس کوئی شواہد موجود نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیوٹن کی صحت کو لے کر بہت سی افواہیں ہیں لیکن اب تک کی اطلاعات کو لے کر ہم کہہ سکتے ہیں کہ وہ کافی صحت مند ہیں۔ سی آئی اے چیف نے کہا کہ البتہ یہ باضابطہ کوئی انٹیلی جنس اطلاعات نہیں ہیں۔ولیم برنس ماضی میں روس میں سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے پیوٹن کا مشاہدہ کررہا ہوں۔
