لندن ( مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی بادشاہ چارلس (سوم) اور ان کی اہلیہ ملکہ کمیلا کی تاجپوشی کی شاہانہ تقریب منعقد ہوئی جس میں دنیا بھر سے مختلف ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔گزشتہ روز کنگ چارلس اور ملکہ کیملا کو لندن کے ویسٹ منسٹر ایبے میں تاج پہنائے گئے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق بکنگھم پیلس کی جانب سے تاج پوشی کی تقریب پر ہونے والے اخراجات کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تاہم بی بی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس تقریب پر تقریباً 50 ملین سے 100 ملین یورو (یعنی 5 کروڑ 60 لاکھ سے 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز ) کا خرچہ ہوسکتا ہے۔
شاہ چارلس کو سینٹ ایڈورڈ تاج پہنایا گیا، یہ تاج 22 قیراط کے ٹھوس سونے سے بنا ہے جبکہ اس میں نیلم، یاقوت اور پکھراج سمیت 444 جواہرات اور قیمتی پتھر جڑے ہیں۔360 سالہ پرانا تاج 30 سینٹی میٹرسے زیادہ لمبا ہے اور اس کا وزن دو کلوگرام سے زائد ہے۔
