کراچی(کرائم رپورٹر)شہر قائد ڈاکووں کے نرغے میں ہے جبکہ سٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے،پولیس مکمل طور پر سٹریٹ کرائم کی واردتوں کو روکنے کے لئے مکمل ناکام دکھائی دے رہی ہے تاہم پولیس کی جانب سے وارداتیں روکنے کے دعوی کئے جا رہے ہیں،کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سٹریٹ کرائم کی 149 وارداتیں ہوئیں،ملزمان نے شہریوں کو 62 موبائل فونز،نقدی اور موٹر سائیکلز سے محروم کردیا۔وارداتوں کے دوران 4 کاروں سمیت 61 موٹرسائیکلیں چوری ہوئیں۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق 149 سٹریٹ کرائم میں ضلع شرقی میں 46،وسطی 41،کورنگی 21 اور غربی میں 15 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ضلع ملیر اور سٹی میں 8-8 جبکہ جنوبی اور کیماڑی میں سٹریٹ کرائم کے 5-5 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سٹریٹ کرمنلز نے سرجانی پولیس تھانے کی حدود میں ایک شخص سلیمان کو مزاحمت کرنے پر قتل کیا جبکہ مزاحمت پر عظیم نامی شخص کو سپرمارکیٹ پولیس ضلع وسطی کی حدود میں زخمی کیا گیا۔ پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سٹریٹ کرائم کی روک تھام میں پولیس نے 5 انکاونٹر کیے جس میں 7 سٹریٹ کرمنلز کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ کراچی پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 13 سٹریٹ کرمنلز واردات کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے،اسی طرح ضلع شرقی،کورنگی، غربی اور کیماڑی میں 4 سرچ آپریشنز میں مجموعی طور پر 123 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔کراچی پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 30 سٹریٹ کرمنلز، 2 قاتل، 20 غیرقانونی اسلحہ، 22 منشیات فروشوں اور 48 دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔