کراچی(کامرس رپورٹر)ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ (ایچ اے سی ایل) نے غیر یقینی معاشی حالات، لاگت بڑھنے اور زرمبادلہ کی شرح میں اتار چڑھاو¿ کو جواز بناتے ہوئے پیر سے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 3 سے ساڑھے 5 لاکھ روپے تک کا اضافہ کردیا، جس کے بعد ہونڈا گاڑیاں خریدنے کی خواہش رکھنے والوں کا خواب ادھورا رہتا نظر آرہا ہے جبکہ اپنی زندگی میں”سوک والا لونڈا “ ڈھونڈنے والی کنواری لڑکیوں کی امیدوں پر بھی پانی پھرتا دکھائی دے رہا ہے۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق ملک میں مہنگائی کے طوفان نے ’منی بجٹ ‘سے قبل ہی اشیائے ضروریہ سمیت گاڑیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے ،سوزوکی کے بعد گاڑیاں بنانے والی بڑی کمپنی ہونڈا اٹلس کمپنی نے بھی مختلف ماڈلز کی گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کردیا ہے ۔نئی قیمتوں کے مطابق ہونڈا سٹی ایم ٹی 1.2 لیٹر اور سی وی ٹی 1.2 لیٹر کی قیمت 3 لاکھ روپے اضافے کے بعد بالترتیب 37 لاکھ 69 ہزار روپے اور 38 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھ کر 40 لاکھ 69 ہزار اور 41 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔اسی طرح ہونڈا سٹی سی وی ٹی 1.5 لیٹر، سٹی ایسپائر ایم ٹی 1.5 لیٹر اور سٹی ایسپائر سی وی ٹی 1.5 لیٹر کی قیمت 3 لاکھ 10 ہزار روپے سے 3 لاکھ 30 ہزار روپے تک اضافے کے بعد بالترتیب 41 لاکھ 39 ہزار، 42 لاکھ 99 ہزار اور 44 لاکھ 79 ہزار روپے سے بڑھ کر 44 لاکھ 49 ہزار، 46 لاکھ 29 ہزار اور 47 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے بی آر- وی ایس، ایچ آر-وی وی ٹی آئی اور ایچ آر وی وی ٹی آئی ایس کی قیمت بالترتیب 49 لاکھ 39 ہزار، 59 لاکھ 99 ہزار اور 61 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھا کر 52 لاکھ 99 ہزار، 63 لاکھ 99 ہزار اور 65 لاکھ 99 ہزار روپے کردی ہے۔ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے ہونڈا سوک 1.5 ایل ایم سی وی ٹی، اوریل ایم سی وی ٹی اور 1.5 ایل ایل سی وی ٹی کی قیمت 5 سے ساڑھے 5 لاکھ روپے تک اضافے کے بعد 63 لاکھ 49 ہزار، 65 لاکھ 99 ہزار اور 75 لاکھ 49 ہزار روپے سے بڑھا کر بالترتیب 68 لاکھ 49 ہزار، 70 لاکھ 99 ہزار اور 80 لاکھ 99 ہزار روپے کردی ہے۔