گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)گوجرانوالہ میں راشن کیلئے آنیوالے خواجہ سرا سے رقص کرانے کے معاملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ خواجہ سرا کا موقف ہے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے فون پر دھمکیاں دی جارہی ہیں، تحفظ فراہم کیا جائے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق چند روز قبل سستا راشن لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں آٹا لینے کیلئے آئے خواجہ سراءسے ڈانس کرنے کی شرط رکھی گئی، واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا اعلان کیا۔اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ویڈیو چند ماہ پرانی معلوم ہوتی ہے تاہم اس طرح کے واقعات کا ہونا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔رقص کرانے کے معاملے پر متاثرہ خواجہ سراءکی مدعیت میں گوجرانوالہ کے تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔خواجہ سراءکا موقف ہے کہ وہ 22 جولائی کو راشن لینے کیلئے ڈی سی کمپلیکس گیا تھا جہاں اسے زبردستی نچایا گیا، اب نامعلوم افراد کی جانب سے فون پر دھمکیاں دی جارہی ہیں، مجھے تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/327933205_848871446212726_5380396744719737369_n-1200x480.jpg)