کراچی(کورٹ رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے معروف ٹی وی میزبان اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے مرحوم رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے مقدمے میں ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نا زیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے الزام میں گرفتار ان کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کے وکیل نے کہا کہ جن نمبروں سے ویڈیوز وائرل ہوئی وہ دانیہ شاہ کے نہیں ہیں جبکہ مقصود کیمرامین کا نام مقدمے میں شامل نہیں،ان باتوں کی بنیاد پردانیہ شاہ کو جیل بھیجا گیا۔وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمہ کمزور ہے،دانیہ شاہ کوضمانت دی جائے۔اس قبل سماعت پر عدالت نے ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر مدعیہ،پراسکیوٹر ایف آئی اے،انویسٹی گیشن آفسر کو 8 فروری کے لیے نوٹس جاری کیے تھے۔واضح رہے کہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت ڈسٹرکٹ جج شرقی نے 18 جنوری 2023 کو مسترد کی تھی۔