دیپالپور(سٹاف رپورٹر)دیپالپور میں مسجد کے وضو خانے کی چھت گرنے کے نتیجے میں ایک نمازی جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے،دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق دیپالپور کے نواحی علاقہ پھلرون کمبوہ میں نماز جمعہ کے دوران شدید بارش کے باعث جامع مسجد کے وضو خانے کی چھت گرنے سے وضو کرتے ہوئے آٹھ افراد ملبہ کے نیچے دب گئے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے افراد کو زخمی حالت میں باہر نکال کر مقامی ہسپتال منتقل کیا،ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر( ٹی ایچ کیو)ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔موقع پر موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شدید بارش میں نمازیوں نے ترپال کھول دی تھی،ترپال پر بارش کا پانی بڑی مقدار میں جمع تھا،ترپال کھولی گئی تو دیوار اچانک وضو کرتے نمازیوں پر آگری،اینٹیں لگنے سے آٹھ افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ دیوار گرنے سے پانی بجلی کی تاریں بھی ٹوٹ گئیں اور پانی میں بھی کرنٹ آ گیا تھا۔آصف رحمانی نامی نوجوان وکیل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/dipalpur-masjid-1200x480.jpg)