اسلام آباد(کرائم رپورٹر)شہر قائد میں شہری ڈکیتیوں اور سٹریٹ کرائم میں ملوث گروہوں سے خوف کا شکار ہیں تاہم اب شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ کراچی میں سابق پولیس افسران کا گھروں کی ڈکیتیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق افسران گھروں کی ڈکیتیوں میں ملوث پائے گئے، پولیس نے ریٹائرڈ پولیس افسر عطا اللہ کا سابقہ کرمنل ریکارڈ حاصل کرلیا جو کہ ایک بڑی واردات کےکیس میں نامزد ہے جب کہ عطا اللہ ڈیفنس کے ایک بنگلے کی چوری میں ملوث ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پولیس نے ریٹائرڈ پولیس افسر عطااللہ کو گرفتار کرلیا، ملزم سے 65 لاکھ مالیت کی ڈائمنڈ رنگ سمیت ڈیڑھ کروڑ روپے برآمد کرلیئے ہیں، گرفتار ملزم کے گروہ میں ماسیاں اور دیگر افراد بھی شامل ہیں، ماسیاں گھروں میں کام کرکے معلومات عطا اللہ کو فراہم کرتی ہیں۔دوسری جانب ملزم کے بھائی نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ تفتیشی افسر نے عطا اللہ کو حراست میں لیکر رہائی کے 5 لاکھ طلب کیے تھے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ بھائی نے تفتیشی افسر کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا جس کے بعد تحقیقات میں عطا اللّہ کا کرمنل ریکارڈ سامنے آیا، عطا اللہ، اس کا بیٹا اور بہو چوری کے الزام میں گرفتار ہیں۔
