لاہور(وقائع نگار خصوصی )قومی ایئر لائن (پی آئی اے)کی لاہور سے مدینہ کی پرواز کی روانگی میں غیر معمولی تاخیر سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تاہم 19 گھنٹوں کی تاخیر کے بعد پرواز نے اڑان بھر لی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 747 کے مسافروں کی ہفتہ شام سے بورڈنگ تو ہوگئی لیکن پرواز نہ مل سکی،پرواز میں تاخیر پر مسافروں نے لاہور ایئر پورٹ پر احتجاج کیا۔مسافروں کا کہنا تھا کہ کاونٹر پر پی آئی اے کا سٹاف بھی موجود نہیں،کہا جا رہا ہے کہ 10 یا 11 بجے کے بعد پرواز روانہ ہوگی،کئی مسافروں کے عمرہ پرمٹ کی میعاد بھی ختم ہو رہی ہے۔پرواز پی کے 747 کو ہفتے کی رات 9 بجے روانہ ہونا تھا،پرواز کی روانگی کا وقت پہلے رات 10 بجے اور رات 11 بجے کیا گیا،بعد ازاں بتایا گیا کہ طیارہ خراب ہے۔مسافر ہفتے کی شام 4 بجے سے لاہور ایئر پورٹ پر رکے ہوئے تھے،پی آئی اے حکام نے بیرون شہر کے بعض مسافروں کو ہوٹل بھیجنے کا کہا تھا،پرواز کی تاخیر کی وجہ سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تاہم 19 گھنٹوں کی تاخیر کے بعد پرواز مدینہ منورہ روانہ ہو گئی ۔جہاز میں 300 عمرہ زائرین سوار ہیں ،جیسے ہی پرواز نے اڑان بھری عمرہ زائرین نے فرط جذبات سے اللہ اکبر کے نعرے لگائے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔
