لاہور(میاں جاوید اقبال ) ریلوے لاہور ڈویژن کے کمیٹی روم میں تقسیم حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ کے حوالے سے مختصر تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے محمد حنیف گل نے عمدہ کارکردگی پر ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے عمران مشال سمیت تین افسران و سٹاف کو حسن کارکردگی سرٹیفکٹ دیئے۔

”پاکستان ٹائم کے مطابق ریلوے لاہور ڈویژن کی شاپس کی نیلام عام کے عمل کو صاف شفاف بنانے اور شاپس کے جاری نیلام عام کے عمل کے پہلے تین ہفتوں کے دوران 100 ملین سے زائد ریونیو حاصل کرکے سرکاری خزانے میں جمع کروانے پر ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے عمران مشال سمیت ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ توصیف ظفر اور انسپیکٹر آف ورکس لینڈ ظفر جنجوعہ کو تعریفی سرٹیفیکٹ دیئے گئے۔ تقسیم حسن کارکردگی سرٹیفکٹ تقریب میں ڈویژنل و اسسٹنٹ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی ایس ریلوے کا اپنے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ ریلوے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی ،افسران اپنے ماتحت عملے سے بھی شفقت سے پیش آئیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسان پر اتارچڑھاو آتے رہتے ہیں تاہم ہمت اور نیک نیتی سے آگے بڑھنا ہی کامیابی ہے۔ واضح رہے ڈپٹی ڈی ایس ریلوے شاپس کی نیلام عام کے عمل کو صاف شفاف بنانے کے حوالے سے براہ راست کردار ادا کر رہے ہیں۔

