لاہور(کرائم رپورٹر)ٹک ٹاک کے جنون میں مبتلا خاتون ون ویلر پولیس کے شکنجے میں آگئی، اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے والے 30 ون ویلرز گرفتار۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور میں سوشل میڈیا پر ون ویلنگ کرتے ہوئے خاتون کی ویڈیو وائرل ہوئی،جس کے بعد شاد باغ پولیس حرکت میں آئی اور خاتون ہما شہزادی سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرتے اور ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرتے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کے جنون میں مبتلا خاتون ون ویلر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے، ملزمان موٹر سائیکل پر ویلنگ کرتے اور ویڈیو بنا کر وائرل کرتے،منچلے ون ویلنگ کرتے ہوئے لڑکی کو پیچھے بیٹھا کر ویڈیو بنواتے،ملزمان ویلنگ کے لیے رنگ روڈ سمیت لاہور کی کھلی سڑکوں کا انتخاب کرتے،ملزمان موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھی لڑکی کو بیٹھا کر خطرناک کرتب دیکھاتے،ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکلوں کو پولیس تحویل میں لیا گیا ،گرفتار ملزمان میں ایمان، مجید،وقاص،رومان،اذان اور حارث شامل ہیں ، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے ون ویلنگ کے دوران پیچھے بیٹھی لڑکی کو وارننگ دیکر تحفظ مرکز کے حوالے کردیا گیا۔
دوسری جانب ساندہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے والے 30 ون ویلرز کوگرفتار کر لیا ہے،ملزمان خطرناک کرتب،ون ویلنگ،زگ زیگ اور تیز رفتاری سے موٹرسائیکلیں چلا رہے تھے،ملزمان سوشل میڈیا پر ون ویلنگ کی ویڈیوز بھی اپلوڈ کرتے تھے۔ایس پی اقبال ٹاون محمد عثمان ٹیپو کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے موٹرسائیکلیں تھانہ میں بند کر دی ہیں،ون ویلنگ جیسے خونی کھیل سے بہت سے حادثات رونما ہو چکے،اپنی اور دوسروں کی زندگی سے مت کھیلیں ون ویلنگ سے اجتناب کریں۔