لندن(مرزا نعیم الرحمان)پاکستان کے معروف صوفی سنگر و قوال قاری سعید چشتی شہید کے صاحبزادے صوفی سنگر قاری عبدالوحید چشتی کو پرائم ایونٹس انٹرنیشنل یوکے کا انٹرنیشنل کوآرڈینیٹر منتخب کر لیا گیا،قاری عبدالوحید چشتی برطانیہ و یورپ میں صوفی ازم کے فروغ کیلئے کام کریں گے۔
برطانیہ کے شہر راچڈیل میں پرائم ایونٹس انٹرنیشنل برطانیہ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ ہوئی جس میں مجسٹریٹ امتیاز احمد،شیخ محمد شیراز سمیت دیگر ممبرز نے شرکت کی،معروف صوفی سنگر قاری عبدالوحید چشتی نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر قاری عبدالوحید چشتی کو پرائم ایونٹس انٹرنیشنل برطانیہ کا انٹرنیشنل کوآرڈینیٹر منتخب کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔قاری عبدالوحید چشتی برطانیہ و یورپ کے مختلف شہروں میں صوفی ازم کے فروغ کیلئے مختلف پروگرامز ترتیب دینگے۔قاری عبدالوحید چشتی اپنے ہمنواوں اور دیگر صوفی سنگرز کے ہمراہ پرفارم کریں گے۔پرائم ایونٹس انٹرنیشنل برطانیہ کے ڈائریکٹرز امتیاز احمد،شیخ شیراز،قاری عبدالوحید چشتی کا کہنا ہے کہ برطانیہ و یورپ میں برٹش پاکستانی کمیونٹی کی تیسری نسل پروان چڑھ رہی ہے،انہیں اپنی تہذیب کلچر و ثقافت سے جوڑے رکھنے کے لئے صوفی ازم کا فروغ نہایت ضروری ہے،قاری سعید چشتی شہید نے بھی فن قوالی کے ذریعے صوفیا کرام کے کلام کو گھر گھر پہنچایا اور اسلام کا پرچم بلند رکھا،پرائم ایونٹس انٹرنیشنل بھی صوفی ازم کے فروغ کے لئے صوفی بزرگوں کے کلام اور پیغام امن محنت اور بھائی چارے کو عام کریگی۔