انتخابات میں دھاندلی،جے یو آئی نے سڑکوں پر آنے کا اعلان کر دیا

کراچی(بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت انتخابات میں جیتنے والی جماعتیں حکومت سازی کے لئے مشاورتی عمل میں مصروف ہیں،ایسے میں سندھ بھر میں واضح کامیابی حاصل کرنے والی پیپلز پارٹی کے لئے نئی مشکل کھڑی ہو گئی ہے کیونکہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت جمعیت علماء اسلام(جے یو آئی)ف سندھ نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف صوبے بھر میں احتجاج اور دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق جے یو آئی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام سندھ میں مختلف مقامات پر مظاہرے کرے گی،ہم ضلع کورنگی اور ملیر قائد آباد سے نیشنل ہائی وے بند کریں گے،اس کے علاوہ ضلع جنوبی،کیماڑی،غربی،نادرن بائی پاس کو بھی بند کیا جائے گا۔ترجمان نے بتایا کہ حیدر آباد کے کارکن ہٹڑی بائی پاس پر مظاہرے کریں گے،نواب شاہ میں سکرنڈ کے مقام پر مرکزی ہائی وے بند ہو گا،میرپور خاص میں کارکن میر پور خاص ٹول پلازہ بند کریں گے،اس کے علاوہ جے یو آئی کے کارکن وگن بائی پاس اور لاڑکانہ بائی پاس پر بھی دھرنا دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں