وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے باغ میں تاریخی پیکج دے کر دل جیت لئے:توصیف عباسی

اسلام آباد (وقائع نگار) وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ترجمان توصیف عباسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس ریاست سے بیروزگاری کے خاتمہ کے لیے سیاحت، کاٹیج انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا کررہے ہیں۔
توصیف عباسی کا کہنا تھا کہ صحت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس شعبہ کی ترقی کے لیے حکومت نئے منصوبے بھی شروع کریگی اور تمام طبی مراکز میں ڈاکٹرز کی ہمہ وقت دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ توصیف عباسی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوششیں کر رہی ہے،آزاد کشمیر میں عمران خان کے وژن کے مطابق مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کئے جارہے ہیں، وزیر اعظم نے باغ میں تاریخی پیکج دے کر دل جیت لئے ہیں تاہم مخالفین کو عوامی خدمت ہضم نہیں ہورہی۔
توصیف عباسی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لے کر کامیابی حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم تنویر الیاس کی قیادت میں تمام کارکن متحد ہیں۔ بلدیاتی الیکشن میں تاریخی کامیابی حاصل کر کے عوام کو بھر پور ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں