مظفر آباد میں جاری ترقیاتی منصوبے،وزیر بلدیات خواجہ فاروق نے بڑا حکم جاری کردیا

مظفرآباد(سٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات ودیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نے شہر کے اندر جاریہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظفرآباد شہر کے عوام اور تاجروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔شہر کے دو بڑے منصوبہ جات شاہ سلطان پل اور سی ایم ایچ فلائی اوور کے منصوبے جلد مکمل کرلیے جائیں گے اور دونوں منصوبوں پر کام کی رفتار میں تیزی لائی گئی ہے۔منصوبوں کے معیار پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،ماکڑی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی اپ گریڈیشن کے میگا پراجیکٹ کی بھی نگرانی کی جارہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر میں جاریہ عوامی منصوبہ جات کے معائنہ کے دوران کیا۔وزیر بلدیات نے یونیورسٹی گراﺅنڈ میں جاریہ تعمیراتی کام،ایگروٹیک کالج کی چار دیواری،پلیٹ گراﺅنڈ کے جاریہ کام،نلوچھی گراﺅنڈ کی تعمیر،اپر اڈہ تا خواجہ بازار ٹف ٹائلز کی تنصیب سمیت دیگر منصوبوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ یہ عوامی منصوبے معیار کے مطابق بروقت مکمل کریں۔عوامی منصوبہ جات کے معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیر بلدیات نے گوجرہ نالہ میں تجاوزات کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شہر کے اندر عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔میگا پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ دوسرے منصوبہ جات پر بھی کام تیزی سے جاری ہے اور ذاتی طورپر بڑے اور چھوٹے منصوبوں کی نگرانی کررہا ہوں۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ مظفرآباد شہر کی تعمیر وترقی میں حکومت خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔مظفرآباد شہر کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جارہا ہے۔ماضی میں 15سال کے دوران مظفرآباد شہر کے عوام کا استحصال کیا گیا اور شہر کے اندر تعمیر وترقی کے منصوبوں پر توجہ نہیں دی گئی۔مظفرآباد شہر کے اندر بلاتخصیص تعمیر وترقی کا عمل شروع کیا گیا ہے اور عوامی منصوبہ جات عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر منظور کیے گئے ہیں۔مظفرآباد شہر جلد بدلا ہوا شہر نظر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے ٹھوس حکمت عملی اختیار کی گئی ہے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے بات چیت جاری ہے۔پرائیویٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔اس سلسلہ میں پرائیویٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں