اسلام آبادہائیکورٹ نے کرکٹ گراﺅنڈز نجی کمپنیوں کو دینے سے روک دیا

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر )عدالت نے وفاقی دارالحکومت کے کرکٹ گراونڈز نجی کمپنیوں کو دینے سے روک دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق چیئرمین ایم سی آئی سردار مہتاب کے حکم امتناع کی درخواست منظور کر لی گئی اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو کرکٹ گراونڈز کرائے پر دینے سے روک دیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے سٹے آرڈر جاری کر دیا۔درخواست گزار کے وکیل قاضی عادل ایڈووکیٹ نے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے کرکٹ گراونڈز میں مفت کرکٹ ختم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی کے پاس گراونڈز آٹ سورس کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے کرکٹ گراونڈز نجی شعبے کو دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے چند روز قبل اس حوالے سے ٹینڈرز جاری کیے تھے اور انتظامیہ کا کہنا تھا کہ گراونڈ فیس کا تعین انتظامیہ کا اختیار ہے، فیس کے بغیر اب اسلام آباد میں کرکٹ گراونڈ دستیاب نہیں ہو گا۔دوسری جانب مقامی کرکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ مشکل سے کرکٹ کٹ خریدتے ہیں لیکن اگر گراونڈز میں داخل ہونے کے بھی پیسے لیے جائیں گے تو کرکٹ کیسے جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں