لاہور(سٹاف رپورٹر)ملک میں مہنگائی اور بے روز گاری نے عام آدمی کے چودہ طبق روشن کئے ہوئے ہیں،حکومت اور سیاسی جماعتیں عوامی فلاح و بہبود کے نعرے تو لگاتی ہیں لیکن عملی اقدام نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں،بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور عام آدمی کے لئے دو وقت کی روٹی پوری کرنا انتہائی جان جوکھوں کا کام بن چکا ہے،ایسے میں مرکزی مسلم لیگ کی قیادت نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مارکیٹ میں 9 سو روپے ملنے والا آٹے کا تھیلا 500 روپے میں دینے کا اعلان کیا تو شہریوں کی بڑی تعداد اُمڈ آئی اور لمبی لائنیں لگ گئیں۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے یتیم خانہ چوک میں سستا آٹا پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس فلاحی اقدام کے تحت شہریوں کو 10 کلو آٹے کا تھیلا صرف 500 روپے میں فراہم کیا گیا جبکہ یہی آٹا مارکیٹ میں 900 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔سستا آٹا پروگرام میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ شعبہ خدمتِ خلق کے چیئرمین چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ،چوہدری حمید الحسن،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی اور چوہدری معاذ اشتیاق نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث غریب عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں،ہماری جماعت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ انہیں ریلیف فراہم کیا جائے،یہ صرف ایک آغاز ہے،آئندہ بھی ہم عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھیں گے۔ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یتیم خانہ چوک میں ہر ماہ 500 خاندانوں کو سستا آٹا فراہم کیا جائے گا،یہ اقدام عوامی مشکلات کو کم کرنے کی ایک بڑی کوشش ہے اور اس کا دائرہ مزید علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔سستا آٹا پروگرام میں عوام نے مرکزی مسلم لیگ کی قیادت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ لاہور کی ہر یونین کونسل میں سستا آٹا پروگرام متعارف کروائے۔سستا آٹا حاصل کرنے والے شہریوں نے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی کاوشوں کو سراہا اور اس اقدام کو غریب عوام کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ یہ سستا آٹا پروگرام لاہور کی ہر یونین کونسل میں لگایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ نے عوام کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے اعلان کیا کہ پارٹی فلاحی سرگرمیوں کو مزید وسعت دے گی اور جلد ہی دیگر علاقوں میں بھی ایسے ریلیف پروگرامز شروع کیے جائیں گے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2025/02/Pakistan-Markazi-Muslim-League-Lahore-940x480.jpg)