الواسع ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام یتیم بچوں کے اعزاز میں ظہرانہ،اہم شخصیات کی شرکت

لاہور ( سٹاف رپورٹر) الواسع ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں یتیم بچوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا،جس میں لاہور بھر سے سیاسی و سماجی شخصیات،سینئر صحافی اور بیورو کریٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس بامقصد تقریب میں معزز مہمانوں نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔تقریب میں الواسع ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین قمر رحمان،انیلا ظہیر،ملک شہزاد انجم،میاں محمد بلال،ممبر صوبائی اسمبلی رشدہ لودھی،کاشف رحمن،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔مقررین نے اپنے خطابات میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت و سرپرستی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں ان بچوں کو بہتر مواقع فراہم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر قمر رحمان نے کہا کہ الواسع ویلفیئر سوسائٹی ملک بھر میں ہر اس بچے کا سہارا بنے گی جو بے یار و مددگار ہے،ہم کسی بھی یتیم اور ضرورت مند بچے کو بے سہارا نہیں چھوڑیں گے بلکہ اسے اپنے سایہ شفقت میں لے کر ایک روشن مستقبل فراہم کریں گے،ملک کا ہر بچہ ہمارا اثاثہ ہے اور ہم اس کے بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔تقریب میں شریک معزز شخصیات نے الواسع ویلفیئر سوسائٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں