لاہور(سٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد محض ایک کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں بلکہ عالمی برادری کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان ایک پرامن،مستحکم اور ترقی پذیر ملک ہے۔
پاکستان ٹائم کے مطابق ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس تاریخی ایونٹ کی میزبانی پاکستان کے دشمنوں کے لیے ایک کھلا جواب ہے جو عالمی سطح پر پاکستان کو غیر مستحکم دکھانے کی ناکام کوششیں کرتے رہے ہیں،چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شاندار ایونٹ نہ صرف کرکٹ کی بحالی بلکہ پاکستان کی معیشت، سیاحت اور عالمی تعلقات کے لیے بھی ایک سنگ میل ثابت ہو گا،یہ پاکستان مخالف قوتوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو ملک میں عدم استحکام اور خوف کا ماحول پیدا کرنا چاہتے تھے،آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے اور یہاں عالمی سطح کے ایونٹس کامیابی سے منعقد ہو سکتے ہیں۔
ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں کو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیکیورٹی،انفراسٹرکچر اور ہوٹل انڈسٹری میں مزید بہتری لانی چاہیے تاکہ عالمی مہمانوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے،یہ موقع پاکستان کے تشخص کو نکھارنے کا ہے لہٰذا ہر ادارے کو ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ ہم ایک کامیاب اور یادگار ایونٹ دنیا کے سامنے پیش کر سکیں۔ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے زندہ دلان لاہور سمیت پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس تاریخی موقع کو قومی فخر کے طور پر دیکھیں اور دنیا کو بتائیں کہ پاکستان ایک ترقی پذیر،پر امن اور کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے۔