ماڈل ٹاون میں مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام پہلی شاہی سحری کا اہتمام

لاہور(سٹاف رپورٹر) رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں کا آغاز ہوتے ہی پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ماڈل ٹاون میں پہلی شاہی سحری کا خصوصی اہتمام کیا گیا،جس میں شہریوں کے لیے پر تکلف ضیافت کا بندوبست کیا گیا تھا۔اس موقع پر شہریوں کو روایتی مٹن قورمہ،پوری حلوہ،پراٹھے،دہی اور چائے پیش کی گئی،جس سے شرکاء نے بھرپور لطف اٹھایا۔شاہی سحری میں ماڈل ٹاون،فیصل ٹاون،جوہر ٹاون،کوٹھا پنڈ اور دیگر مضافاتی علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اس عظیم الشان انتظام کو سراہا۔
اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے سحری میں خصوصی شرکت کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ رمضان المبارک میں غریب،نادار اور متوسط طبقے کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑے گی،ہر سال کی طرح امسال بھی سحری اور افطار کے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے جائیں گے تاکہ کوئی روزہ دار بھوکا نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں لاہور سمیت ملک بھر میں سحری و افطار کے اجتماعی دسترخوان سجائے گی تاکہ مستحق اور ضرورت مند افراد بھی اس سعادت میں شامل ہو سکیں،رمضان المبارک میں فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا ،مرکزی مسلم لیگ کا عزم ہے کہ رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ افراد کو ریلیف فراہم کیا جائے اور ہر ممکن طریقے سے عوام کی خدمت کی جائے،اس سلسلے میں لاہور کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں بھی بڑے پیمانے پر سحری اور افطار کے انتظامات کیے جائیں گے،مرکزی مسلم لیگ خدمت،یکجہتی اور اخوت کے جذبے کے تحت اپنے فلاحی مشن کو جاری رکھے گی تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں