مظفر آباد جلسہ نئی تاریخ رقم کرے گا،وزیراعظم آزاد کشمیر رات گئے جلسہ گاہ پہنچ گئے

مظفر آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا یونیورسٹی گراونڈ اپر اڈہ مظفرآباد کا دورہ،جلسہ گاہ میں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے پارٹی رہنماوں کو اہم ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان 29 ستمبر کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے جلسے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے رات گئے یونیورسٹی گراونڈ پہنچ گئے،وزیر اعظم کے ہمراہ وزراء حکومت،ممبران اسمبلی اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما بھی موجود تھے،اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ 29 ستمبر کا جلسہ لوگوں کی تعداد،جوش و جذبے اور کپتان عمران خان کے استقبال کے حوالے سے تاریخ رقم کرے گا،جب سے آزادکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے چیئرمین عمران خان پہلی بار یہاں تشریف لا رہے ہیں،اس لیے تحریک انصاف کے لوگ اپنے قائد کے استقبال کیلیے بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ ایک نیا ٹرینڈ دے گا کہ ہر کشمیری خان کے ساتھ ہے، یہ پیغام ہر کشمیری یہاں پر دے رہا ہوگا، ایل او سی کے دونوں جانب کشمیر کے بارے میں عمران خان کے بیانیے کو پسند کیا جاتا ہے،انھوں نے حقیقی معنوں میں سفیر کشمیر کا کردار نبھایا ہے،اقوام متحدہ،امریکہ،یورپی یونین سمیت ہر فورم پہ کھل کر کشمیریوں کی بات کی اور کوئی کمپرومائز نہیں کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ کشمیر کوئی زمین کی بات نہیں ہے،ڈیڑھ کروڑ لوگوں کی بات ہے،عمران خان نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں کشمیری فیصلہ کر سکتے ہیں۔کشمیریوں کا کیا فیصلہ ہے یہ ساری دنیا جانتی ہے،کشمیریوں کا استصواب رائے کے حق سے محروم رکھ کر ہندوستان جو چالیں چل رہا ہے اس کو کشمیری جوتے کی نوک پہ رکھتے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی آواز بننے سمیت عمران خان نے رسالت مآبﷺ کے بارے میں ساری دینا کو بتایا کہ کسی میں اتنی جرات نہیں ہونی چاہیے کہ وہ ہمارے پیارے نبیﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کرے،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اقوام متحدہ،او آئی سی،یورپی یونین سمیت دیگر عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر اجاگر کیا اور فاشسٹ مودی کا بھیانک چہرہ بے نقاب کیا،عمران خان کو ایسے ہی دو ٹوک موقف کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے، 29 ستمبر کو مظفرآباد میں چیئرمین عمران خان کا تاریخی استقبال ہو گا،کشمیری اپنے محبوب محسن کے استقبال کو بے تاب ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں