اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)معروف سیاسی و سماجی رہنما اور جموں و کشمیر ہاوسنگ سوسائٹی کے انتخابات میں فنانس سیکرٹری کے امیدوار عبید احمد قریشی نے کہا ہے کہ آج سے پہلے تک مختلف گروپ جموں کشمیر سوسائٹی کے حقوق پہ ڈاکہ ڈالتے رہے لیکن انشااللہ جیتنے کے بعد میں اور میرا گروپ جموں کشمیر ہاوسنگ سوسائٹی کی حالت بدل دیں گے،میں ایک جید عالم دین کا بیٹا ہوں نہ،خود کھاوں گا اور نہ ہی کسی کو عوام کا مال ہڑپ کرنے دوں گا۔
تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر ہاوسنگ سوسائٹی کے انتخابات میں فاونڈر اتحاد گروپ کی جانب سے فنانس سیکرٹری کی سیٹ کے امیدوار عبید احمد قریشی نے بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد راجہ ظہیر اور سردار ایاز کی سربراہی میں بانی گروپ،رہائشی گروپ اور سردار ایاز گروپ کا مشترکہ اتحاد مل کر کام کرے گا اور سوسائٹی میں دن دگنی رات چوگنی ترقی ہو گی،زون فور اور فائیو میں ترقیاتی کام تیز رفتاری سے مکمل کئے جائیں گے اور ایف 15 اور ایف 16 سیکٹر کو ڈویلپ کر کے ممبران کو باقبضہ پلاٹ مہیا کئے جائیں گے۔
عبید احمد قریشی کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے طرح طرح کے حیلے بہانے بنا کر عوام کو لوٹا گیا لیکن ہمارے گروپ نے یہ عزم مصمم کر لیا ہے کہ ان فراڈیوں کا ہمیشہ کیلئے چور دروازہ بند کریں تاکہ عوام کوان کا حق مل سکے،اس سے بڑی کرپشن اور لوٹ مار کیا ہو سکتی ہے کہ کروڑوں روپے کا بجٹ صرف چائے پارٹیوں میں اڑا دیا گیا،اب ہم ایک ایک پائی کا حساب رکھیں گے۔
انہوں نے جموں کشمیر ہاوسنگ سوسائٹی کے ووٹرز سے اپیل کی کہ اگر آپ سوسائٹی کی حالت سدھارنا چاہتے ہیں اور ترقیاتی کام دیکھنا چاہتے ہیں تو یکم جنوری کو جوق در جوق گھروں سے نکلیں اور جناح کنونشن سینٹر پہنچ کر فاونڈر اتحاد گروپ اور مجھے کامیاب کرائیں،میرا وعدہ ہے کہ آپ کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دوں گا۔

تقریب سے راجا ظہیر،سابق ایم پی اے ضیا اللہ شاہ صاحب،سردار ایاز،ساجد عباسی،سردار مہتاب،اسجد عباسی،زاھد فرید،طلعت بٹ نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر اہلیان جموں کشمیر ہاوسنگ سوسائٹی کی بھاری تعداد موجود تھی۔جنہوں نے ہاتھ اٹھا کر حلفاً اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا اور عبید قریشی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ووٹ دے کر کامیاب کرنے کا وعدہ کیا۔تقریب کے آخر میں پیر صاحب راجڑ شریف پیرزادہ ثاقب خورشید عالم نے دعا فرمائی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔