ممبئی (آئی این پی) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی جلد کی رنگت کو گورا کرنے کےلئے کوئی سرجری نہیں کروائی، بس خود کو سورج کی روشنی سے بچایا جس سے کافی فرق پڑا۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے خود کو دھوپ سے بچانا شروع کیا، جس سے ان کا رنگ کافی صاف ہوگیا تو بہت سے لوگ ان پر جلد کی رنگت صاف کرانے کے حوالے سے سرجری کا الزام لگانے لگے۔ دو ماہ قبل انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر اپنی رنگت گورا کرنے کے حوالے سے ایک پرمزاح پوسٹ شیئر کی اور انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اس کے لیے پورا سال خود کو دھوپ سے بچانے کے علاوہ اپنا چہرہ ڈھانپ کر رکھا۔ یاد رہے کہ بالی ووڈ میں شروع کے دنوں میں انہیں سانولی رنگت والی اور موٹی کہا جاتا تھا اور بہت سے لوگ تو انہیں سارا وقت چشمہ پہننے پر بھی تنقید کا نشانہ بناتے تھے۔