تاپسی بنوں نے فلم انڈسٹری میں دس سال پورے ہونے پر اپنے عزائم کا اظہار کر دیا

ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنوں نے بالی ووڈ میں 10سال مکمل ہونے پر اپنے مستقبل کے عزائم کا اظہار کردیا۔

تاپسی پنوں نے 10 سال قبل فلم چشم بد دور سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا،وہ اس سے قبل چند تامل،تیلگو اور ملیالم فلموں میں کام کرچکی تھیں۔اپنے حالیہ انٹرویو میں 35 سالہ اداکارہ نے بالی ووڈ کے فلمی کیریئر سے متعلق کھل کر بات کی اور اپنے عزائم کااظہار بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں قلیل مدتی کیریئر ہوتا ہے،جس کی کئی مثالیں موجود ہیں تاہم وہ اپنے کام اور پرفارمنس سے مطمئن ہیں،فلم انڈسٹری میں کام کے دوران ہمیشہ یہی سوچ رکھی کہ یہاں مزید چند برس رک جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ساوتھ فلموں میں کام کے دوران میں نے طے کرلیا کہ فلم میں صرف خاتون کردار بن کر نہیں رہنا بلکہ کچھ اور کرنا ہوگا،میں چاہتی تھی کہ دیکھنے والے مجھ پر یقین کریں، انہیں پتا ہو کہ میں ان کا وقت اور پیسہ ضائع نہیں کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں وہ اپنے کام سے منفرد شناخت بنانا چاہتی ہیں،میرا واحد مقصد ایسی اداکارہ بننا ہے، جس کی جگہ کوئی بھی با آسانی نہ لے سکے،ایسا بننے میں میرے خود تنقیدی رویے نے کافی مدد کی،بہت سے لوگ فلم انڈسٹری میں آئے لیکن بھلادیے گئے لیکن میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے بار بار موقع ملا،جس نے مجھے منفرد شناخت بنانے اور مداحوں کے ذہنوں پر مضبوط تاثر چھوڑنے میں مدد کی۔ان سے سوال کیا گیا کہ تاپسی پنوں 2023 میں اداکاری اور بینک بیلنس کے لحاظ سے بڑی شخصیت بن گئی ہیں لیکن وہ اپنے بطور فنکار اپنے کام سے مطمئن ہیں؟جس کا جواب دیتے ہوئے تاپسی پنوں نے کہا کہ بری یادوں سے ہٹ کر جن سے میں نے بہت کچھ سیکھا،میرا کیریئر گراف زبردست اور قابل فخر ہے،یہی وہ واحد چیز ہے جو مجھے مزید آگے بڑھنے پر ابھارتی ہے،میں بطور فنکارہ مطمئن ہوں،میں ایسی جگہ پہنچ گئی ہوں جہاں مجھے پیٹھ تھپتھپانے کےلیے کچھ اور نہیں چاہیے۔یاد رہے کہ تاپسی پنوں ایک طرف شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ڈنکی میں نظر آئیں گی تو دوسری طرف وہ حسین دلربا ویب سیریز کے سیکوئل کی بھی تیاری میں مصروف ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں