اسلام آباد(شوبز ڈیسک)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نژاد امریکی و پاکستانی اداکارہ سعیدہ امتیاز نے کہا ہے کہ وہ زندہ اور خیریت سے ہیں، کسی نے ان کا انسٹاگرام اکاونٹ ہیک کرکے ان کی موت سے متعلق جھوٹا بیان جاری کیا تھا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر پوسٹ کیے گئے اپنے ایک ویڈیو بیان میں اداکارہ سعیدہ امتیاز نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ کوئی ایسا کیوں کرے گا،میں آج صبح بیدار ہوئی تو لوگوں کی طرف سے کالز اور پیغامات موصول ہونا شروع ہوگئے اور میری خیریت کے بارے میں پوچھتے رہے،اس صورتحال نے مجھے صدمہ پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ میری موت کی خبر نے والدہ اور بہن بھائیوں کو پریشان کر دیا تھا جو بیرون ملک مقیم ہیں،کسی نے میرے فیس بک اور انسٹاگرام اکاونٹس ہیک کرلیے تھے،کسی کو چھیڑنا یا تنگ کرنا سمجھ آتا ہے لیکن کسی کو اس حد تک ڈرانا دھمکانا،سمجھ سے باہر ہے جس سے مجھے اور میرے اہل خانہ کو اتنی تکلیف پہنچی ہے،آپ نہیں جانتے کہ سامنے والا شخص کس کیفیت اور صورتحال سے گزر رہا ہے؟۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعیدہ امتیاز کے اچانک انتقال کر جانے اور ان کی لاش ان کے کمرے سے ملنے کی خبر ان کے آفیشل انسٹاگرام اور فیس بک پیج سے شیئر کی گئی تھی۔انسٹاگرام پوسٹ میں مختصر بتایا گیا تھا کہ اداکارہ کو ان کے کمرے سے مردہ حالت میں برآمد کیا گیا۔پوسٹ میں اداکارہ کی موت سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی اور نہ ہی یہ بتایا گیا تھا کہ ان کی موت یو اے ای میں ہوئی یا امریکا میں؟ تاہم اب انہوں نے اس طرح کی خبروں کی تردید کردی ہے۔سعیدہ امتیاز متحدہ عرب امارات سمیت امریکا میں بھی زندگی گزارتی رہی ہیں، ان کی پیدائش یو اے اے میں ہوئی تاہم ان کی پرورش امریکا میں ہوئی، ان کے پاس دونوں ممالک کی شہریت تھی۔