ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکار ادتیا سنگھ راجپوت پراسرار طور پر اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے جس کے بعد پولیس نے موت وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 32 سالہ ادتیا سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ کے بیت الخلا میں مردہ حالت میں پائے گئے، اس کا انکشاف بھی اس وقت ہوا جب ان کے دوست ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو اپنی تحویل میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا جب کہ جائے وقوعہ سے بھی ثبوت و شواہد اکھٹے کیے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ادتیا سنگھ کو سب سے پہلے بیت الخلا سے ان کے دوست اور عمارت کا چوکیدار لے کر اسپتال پہنچے تھے جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی تھی۔پولیس نے حقائق جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے لیکن بعض میڈیا ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ طور پر منشیات کا زائد استعمال موت کا سبب بنا ہے۔