نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور عام آدمی پارٹی (آپ) کے سیاست دان راگھو چڈھا کی منگنی رواں ماہ 12 مئی کو دارالحکومت نئی دہلی میں ہوئی تھی۔ پرینیتی چوپڑا نے منگنی ہوجانے کے 10 دن بعد سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے سیاست دان راگھو چڈھا سے اپنی منگنی کی تصدیق کردی۔
دونوں کی منگنی کی تقریب میں پریانکا چوپڑا سمیت متعدد معروف بولی وڈ شخصیات نے شرکت کی تھی جب کہ ملک بھر سے عام آدمی پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاست دان بھی شریک ہوئے تھے۔اس وقت بھارتی میڈیا نے بتایا تھا کہ دونوں کی منگنی ہوگئی لیکن تب پرینیتی چوپڑا نے کوئی تصویر یا ویڈیو شیئر نہیں کی تھی لیکن بعد ازاں انہوں نے منگنی کی تصاویر شیئر کرنا شروع کردی تھیں۔اب انہوں نے منگنی کی مزید تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی رومانوی کہانی بھی بیان کردی اور بتایا کہ ان کی راگھو چڈھا سے پہلی ملاقات کب اور کیسے ہوئی تھی۔اداکارہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ان کی پہلی ملاقات ایک ناشتے پر ہوئی تھی۔اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے جب پہلی بار راگھو چڈھا کے ساتھ ناشتہ کیا تو وہ اس وقت ہی سمجھ گئیں کہ انہیں ایسا شخص مل
گیا ہے جو بہادر، خوبصورت، عقل مند اور دوسروں کو ہمت دینے والا ہے۔