کراچی(شوبز ڈیسک ) پاکستانی معروف اداکار فیروز خان اپنی تنازعات سے بھرپور زندگی کے باعث خبروں کا حصہ بنے رہتے ہیں اور خاص طور پر وہ اپنے سوشل میڈیا پوسٹس کے سبب آئے دن کوئی نہ کوئی ایسی بات ضرور کردیتے ہیں کے صارفین انکی پروفائل کا رخ کرنے پر مجبور ہو ہی جاتے ہیں۔ گزشتہ روز فیروز خان نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ایسی اسٹوری شئیر کی کہ جس نے ایک مرتبہ پھر انکے اور سابقہ اہلیہ علیزہ سلطان کے تنازعے کو ہوا دے دی ہے۔فیروز خان گزشتہ سال سے سابقہ اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے تشدد کے الزامات پر خود کو بے گناہ ثابت کرنے کی کوشش کرتے آرہے ہیں لیکن اس دفعہ اس معاملے میں وہ بھارتی اداکار سلمان خان کو اپنے ساتھ لے آئے ہیں۔
اگر غور کیا جائے تو سلمان خان بھی بھارت میں اپنی سابقہ گرل فرینڈ و بھارتی اداکارہ ایشوریہ رائے پر تشدد کرنے کے الزام سے دوچار رہے ہیں اور اسی سوال پر مبنی انکے ایک انٹرویو کا ویڈیو کلپ فیروز خان نے اپنی اسٹوری پر لگایا۔فیروز کی جانب سے لگائی گئی اس ویڈیو میں سلمان خان سے میزبان سوال کرتی ہیں کہ کیا آپ نے کبھی کسی عورت پر ہاتھ اٹھایا ہے ؟اس سوال کے جواب میں سلمان کہتے ہیں کہ اب جب ایک خاتون نے ایسا الزام لگاہی دیا ہے تو کیا کہہ سکتے ہیں لیکن کچھ سال قبل ایک اور صحافی نے مجھ سے یہ سوال کیا تھا اور میں نے اپنا ہاتھ زور سے سامنے موجود میز پر مارا تھا کہ وہ میز ٹوٹ گئی تھی اور خاتون صحافی چونک گئی تھیں۔
سلمان خان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے اسکے بعد ان خاتون صحافی سے کہا کہ اگر میں کسی کو ماروں گا تو اس ہی طرح زوردار مارونگا اور مجھے نہیں لگتا ایسی مار کھا کر کوئی زندہ رہ سکتا ہے، لہذا مجھ پر لگایا گیا یہ الزام جھوٹ ہے، لیکن میں یہ نہیں جانتا کہ میرے متعلق ایسی بات کیوں کہی گئی۔فیروز خان کی شئیر کی گئی اس ویڈیو پر لکھا ہوا تھا کہ میں سلمان کے جملے یہ بات جھوٹ ہے پر اپنی جان سے بھی زیادہ یقین رکھتا ہوں۔اس میں کوئی شک نہیں کہ فیروز خان نے اس ویڈیو کو شئیر دراصل اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا جواب دینے کے لیے کیا لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا صارفین کے خیالات میں کسی قسم کی تبدیلی آتی محسوس نہیں ہوئی اور انہوں نے اس پوسٹ کو ایک احمقانہ حرکت ہی قرار دیا۔واضح رہے کہ فیروز خان اور انکی سابقہ اہلیہ علیزہ سلطان نے 2018 میں شادی کی تھی جس کے بعد 3 ستمبر 2022 کو دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی ، بعد ازاں عدالت نے بچوں کی کسٹڈی علیزے کو دے کر فیروز خان کو بچوں سے ملنے کا حق فراہم کردیا تھا۔