کراچی(شوبز ڈیسک ) پاکستانی معروف اداکارہ نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ایک شو جو گئی ماہ تک چلایا گیا میں کم عمری اور نا سمجھی میں سیاستدانوں کا مذاق اڑایا، انہیں اس وقت زیادہ تر چیزوں کا علم نہیں تھا۔ صبا قمر نے کم از کم اس شو کی 200 اقساط کی میزبانی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس شو میں صبا قمر کی جانب سے متعدد سیاستدانوں کی نقل اتارنے کو پسند کیا جاتا تھا مگر اب اداکارہ و میزبان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ہم سب امید سے ہیں میں کم عمری اور نا سمجھی میں ایسا کیا۔
صبا قمر نے اپنے ایک انٹرویو میں یہ اعتراف بھی کیا کہ انہیں اداکاری کی سمجھ پہلی بالی وڈ فلم ہندی میڈیم میں کام کرنے کے بعد آئی۔ اداکارہ کے مطابق ہندی میڈیم میں کام کرنے سے قبل وہ کچھ اور تھیں اور اس فلم میں کام کرنے کے بعد وہ کچھ اور بن گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بالی وڈ فلم میں عرفان خان کے ہمراہ کام کرنے کے بعد انہیں اداکاری کے ساتھ ساتھ دیگر چیزوں کی بھی سمجھ آئی اور اسکے بعد سے وہ اپنے کام کو لے کر مزید سنجیدہ ہوگئی ہیں۔ اداکارہ نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ اب اگر انہیں ہم سب امید سے ہیں کی میزبانی کی پیش کش کی جائے تو وہ اسے نہیں نبھا سکیں گی، کیونکہ اب ان میں سمجھ آ چکی ہے اور وہ سیاسی حوالے سے بھی میچور ہو چکی ہیں۔
ان کے مطابق اس وقت جب وہ ہم سب امید سے ہیں کرتی تھیں، تب وہ ناسمجھ اور کم عمر تھیں، اس لیے انہوں نے بے خبری میں ایسا کیا۔انہوں نے اعتراف کیا کہ اس وقت شو میں وہ جن سیاستدانوں کا مذاق اڑاتی تھیں، اگر وہ ان کے سامنے آجاتے تھے تو وہ ان سے چھپ جاتی تھیں مگر اب وہ نہ تو ایسا شو کریں گی اور نہ ہی کسی کا ماضی کی طرح مذاق اڑائیں گی۔