لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سائنس فکشن فلم ’عمرو عیار‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا، فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ابتدائی طور پر نومبر 2021 میں ’عمرو عیار‘ کا موشن ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔اب طویل عرصے بعد ڈیڑھ منٹ سے کم دورانیے کا ٹیزر جاری کردیا گیاہے۔
ٹیزر میں تقریبا فلم کے تمام مرکزی کرداروں کو دکھایا گیا ہے اور ٹیزر سے عندیہ ملتا ہے کہ عثمان مختار ہی ’عمرو عیار‘ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔فلم میں صنم سعید اور ثنا فخر بھی جادوئی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔ٹیزر میں عدنان صدیقی، ثنا فخر، منظر صہبائی اور دیگر اداکاروں کے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔مختصر ٹیزر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم مکمل طور پر سائنس فکشن اور ایکشن فلم ہوگی، جس میں پاکستانی شائقین پہلی بار بڑی اسکرین پر جادوئی کرداروں کو دیکھیں گے۔