کراچی(شوبز ڈیسک)پاکستانی ٹی وی ڈراموں کی مشہور اداکارہ اور میزبان نادیہ خان نے ان دنوں نشر ہونے والے پاکستانی ڈراموں کے رائٹرز کو مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 50 قسطیں کسی ایک رائٹر کی لکھنے کے بس کی بات نہیں،کزن میرج اور شادی ہمارا مسئلہ نہیں،نوجوانوں کو شادی پر نہ لگائیں۔
یہ بھی پڑھیں:راحت فتح علی خان بھی ایف آئی اے کے نشانے پر آ گئے،تحقیقات شروع
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق 90کی دہائی کے مقبول ڈرامے پل دو پل،دیس پردیس،بندھن اور منزلیں جیسے مقبول ڈراموں میں کام کرنے والی اداکارہ نادیہ خان کا کہنا ہے کہ مقبول ترین ڈرامے تیرے بن کے حوالے سے جو تبصرہ کیا تھا میں اب بھی اس پر قائم ہوں۔نادیہ خان نے ڈرامے تیرے بن کے حوالے سے کہا تھا کہ ڈرامے کے جو کردار اتنی محبت سے بنائے گئے اس میں ریپ جیسے سین نے سب ختم کر دیا،ہم مرتسم (وہاج علی) کی عزت کرتے تھے کہ ایسا شوہر ہونا چاہیے،مرتسم کو آئیڈیل بنایا تھا وہ سب ٹوٹ گیا ہے،ان دنوں ڈرامے کی کہانیوں پر جو تنقید ہوتی ہے اس کی وجہ ڈرامہ رائٹرز ہیں،ایک ڈرامے میں ایک سے زیادہ رائٹرز ہونے چاہیئے تاکہ ان میں مقابلہ بھی ہو اور ایک اچھی فضا بنے کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ 50 قسطیں کسی ایک رائٹر کی لکھنے کے بس کی بات نہیں ہے،یہ حقیقت کے منافی ہے۔
انہوں نے ڈرامہ سازوں کو مشورہ دیا کہ قسطیں زیادہ کر لیں لیکن کہانیوں کو مختلف کریں تھوڑا ٹوسٹ اینڈ ٹرن پیدا کریں کیونکہ یہاں ہر ڈرامے کی کہانی ایک جیسی ہے،ہر ڈرامے کے پہلے تین منٹ میں شادی کی بات ہو جاتی ہے اور خاص طور کزن میرج کا ذکر آ جاتا ہے،بھئی کزن میرج کی حوصلہ افزائی نہ کریں،اتنی کزن میرج شاید پاکستان میں ہوتی بھی نہ ہوں جتنی ڈراموں میں دکھائی جاتی ہیں،ہمارے پاس بہت سی کہانیاں ہیں،بڑے مسائل ہیں،شادی ہمارا مسئلہ نہیں ہے،نوجوانوں کو شادی پر نہ لگائیں،انہیں کہیں کہیں کام کریں،آنے والا وقت بہت مشکل ہے۔