ممبئی (شوبز ڈیسک)نامور بھارتی فلم ساز مہیش بھٹ نے کہا ہے کہ انکے داماد رنبیر کپور دنیا کے بہترین والد ہیں۔ واضح رہے کہ رنبیر کپور کی گزشتہ برس مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ سے شادی ہوئی تھی۔ رنبیر کپور کی نئی آنے والی فلم اینیمل کی پروموشن کے سلسلے میں مہیش بھٹ نے ویڈیو پیغام کے ذریعے ٹیلی ویڑن شو کے دوران داماد سے متعلق بات کی۔ مہیش بھٹ نے کہا کہ عالیہ، جسے میں ایک معجزہ مانتا ہوں، کہتی ہے کہ رنبیر بھارت کے بہترین اداکاروں میں سے ایک ہیں، مگر میں رنبیر کو دنیا کا بہترین باپ مانتا ہوں۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیٹی راہا کو جس طرح دیکھتے ہیں اس پر یہی کہوں گا کہ کاش آپ لوگ بھی رنبیر آنکھوں کے وہ تاثرات دیکھ پائیں۔ مہیش بھٹ نے کہا کہ رنبیر کی والدہ نیتو کپور کہتی ہیں کہ ایسا پیار تو مائیں اپنی بچیوں سے کرتی ہیں جیسا رنبیر اپنی بیٹی سے کرتے ہیں۔ نامور فلم ساز نے یہ بھی کہا کہ رنبیر جیسا داماد ہونے پر مجھے فخر ہے۔