کراچی(شو بز ڈیسک)نجی ٹی وی چینل کی مقبول ترین ڈراما سیریل ‘تیرے بن’ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی خوبرو اداکارہ یمنیٰ زیدی کو اپنے نئے فوٹو شوٹ کے بعد کڑی تنقید کا سامنا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق یمنیٰ زیدی نے حال ہی میں کپڑوں کے برانڈ کی تشہیر کے لیے نیا فوٹو شوٹ کروایا جس کی ویڈیو اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاونٹ پر بھی پوسٹ کی۔اداکارہ مخمل کے بولڈ لباس میں نظر آئیں جبکہ ان کا میک اپ اور ہیئر سٹائل بھی لباس کے حساب سے ہی کیا گیا لیکن یمنیٰ زیدی کے مداحوں کو ان کا یہ فوٹو شوٹ ایک آنکھ نہ بھایا اور مداحوں نے یمنیٰ زیدی کی پوسٹ پر تبصرے کرتے ہوئے اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس طرح کے لباس آپ کی شخصیت کے لیے نہیں ہیں،آپ سادہ اور روایتی ملبوسات میں ہی حسین لگتی ہیں۔یمنیٰ زیدی کے فوٹو شوٹ پر انہیں مشورہ دیتے ہوئے ایک صارف نے کہا کہ آپ پاکستانی شوبز کی وہ اداکارہ ہیں جس نے ہمیشہ اپنے سادہ لباس کی وجہ سے مداحوں کی محبت حاصل کی،براہ کرم ایسے بولڈ لباس نہ پہنیں،ہمیں آپ کی سادگی اور شائستگی پر آپ سے پیار ہے۔طوبیٰ خان نامی صارف نے کہا کہ اسی طرح کے لباس آپ کی شخصیت پر بالکل نہیں ججتے۔ایک اور صارف نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عزت اور شہرت میں ایسی کونسی کمی رہ جاتی ہے کہ آپ لوگوں کو یہ سب کرنا پڑ جاتا ہے؟۔ایک صارف نے تو یمنیٰ زیدی کے فوٹو شوٹ پر انہیں ‘شرمناک’ قرار دیا۔ندا نامی صارف نے کہا کہ میں گزشتہ کچھ دنوں سے سوچ رہی تھی کہ عائزہ خان اور یمنیٰ زیدی کبھی بھی بولڈ لباس نہیں پہنتیں لیکن اب یہ ظاہر ہو گیا ہے کہ پیسہ کچھ بھی کروا سکتا ہے۔ایک اور صارف نے کہا کہ پیسے اور شہرت کی خاطر ایسا لباس نہیں پہنیں،اپنا وقار اور عزت نہ کھوئیں۔واضح رہے کہ رواں سال لکس سٹائل ایوارڈز کی 22 ویں سالانہ تقریب میں یمنیٰ زیدی کے لباس کی وجہ سے اُن کی کافی تعریف کی گئی تھی اور اُنہوں نے بہترین اداکارہ کا لکس سٹائل ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔