کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستان کے سینئر اداکار طلعت حسین شدید علالت کے باعث وہیل چیئر استعمال کرنے پر مجبور ہیں اور اہل خانہ نے ان کے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کردی۔ میڈیا سے گفتگو میں طلعت حسین کی فیملی نے بتایا کہ شدید سگریٹ نوشی کی وجہ سے سینئر اداکار کے پھپھپڑے کمزور ہوگئے ہیں،پھپھپڑوں میں پانی بھر جاتا ہے جس کی وجہ سے سانس لینے میں تکلیف ہوتی ہے۔اہل خانہ کے مطابق اداکار کئی مرتبہ گھرکے باتھ روم میں گر پڑے اور اب مجبورا وہیل چیئر استعمال کر رہے ہیں۔ طلعت حسین کی شریکِ حیات رخشندہ طلعت نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہم بہت خوددار لوگ ہیں، حکومت سے مدد نہیں مانگیں گے لیکن اگر کسی ثقافتی ادارے نے مدد کرنی چاہی تو اسے منع نہیں کریں گے ہم کوئی ارب پتی لوگ نہیں ہیں۔انہوں نے اداکار کے مداحوں سے دعائوں کی بھی اپیل کی۔