استنبول(مانیٹرنگ ڈیسک)ترکی میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں گول کیپر احمد ایوب ترک اسلان بھی جاں بحق ہوئے۔
احمد ترک اسلان کے کلب نے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زلزلے میں احمد ایوب ترک ارسلان چل بسے۔کلب کی جانب سے پیغام میں اپنے گول کیپر کی یاد میں کہا گیا ہے کہ احمد،ہم تمہیں نہیں بھولیں گے۔28 سالہ احمد ایوب ترک ارسلان نے ترکی کے سیکنڈ ڈویژن کلب یینی مالاتیاسپور میں 2021 میں شمولیت اختیار کی تھی۔اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ احمد ایوب بھی ان افراد میں شامل ہیں جو زلزلے کے نتیجے میں مبینہ طور پر ملبے تلے پھنس گئے ہیں تاہم اب ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ کئی فٹبال کھلاڑیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔دوسری طرف گھانا کے فٹبال پلیئر کرسچین آٹسو کو ترکیہ میں زلزلے کے بعد ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔31 سالہ کرسچین آٹسو نے ستمبر میں ترک سپر لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی۔فٹ بالر کی ٹانگ زخمی ہے جبکہ انہیں سانس لینے میں بھی تکلیف کا سامنا ہے۔خدشہ ہے کہ مردوں کی والی بال ٹیم اور لڑکیوں کی انڈر 14 والی بال ٹیم کے کھلاڑی بھی زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں۔