پی ایس ایل 8:کراچی کنگز نے ملتان سلطانزکو66رنز سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں کراچی کنگز نے اسپنرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ملتان سلطانز کو باآسانی 66رنز سے شکست دے کر دو قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے۔ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں ہونے والے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز نے اننگز کا آغاز کیا تو جیمز ونس نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 12 گیندوں پر 27 رنز بنائے جس کی بدولت کراچی کنگز نے تین اوورز میں 32 رنز بنا لیے لیکن اسی مرحلے پر ونس پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد میتھیو ویڈ کا ساتھ دینے نوجوان طیب طاہر آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم کی۔ طیب طاہر نے شاندار نصف سنچری اسکور کی لیکن جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور میتھیو ویڈ پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے رہے اور 47 گیندوں پہر 46 رنز بنانے کے بعد احسان اللہ کی وکٹ بن گئے۔ طیب طاہر نے بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 65 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اختتامی اوورز میں عماد وسیم اور شعیب ملک نے چند بڑے شاٹس کھیلے جس کی بدولت کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ نے دو اور انور علی نے ایک وکٹ لی۔ ملتان سلطان کی بیٹنگ شروع ہوئی تو اوپنرز محمد رضوان اور شان مسعود نے اپنی ٹیم کو 41 رنز کا آغاز فراہم کر کے اچھی بنیاد رکھی، شان مسعود 25 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ گزشتہ میچوں میں جارحانہ بیٹنگ کرنے والے رائلی روسو اس مرتبہ بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور شعیب ملک کی خوبصورت آف اسپن نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔ ابھی سلطانز کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ تبریز شمسی نے ہم وطن ڈیوڈ ملر کی وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر شعیب ملک نے قیمتی وکٹ لیتے ہوئے سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی 29 رنز کی اننگز کا خاتمہ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ خوشدل شاہ کی بھی کراچی کنگز کے اسپنر کے سامنے ایک نہ چلی اور چار رنز بنانے والے بلے باز جنوبی افریقی اسپنر کے سامنے وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔ سلطانز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ تھم نہ سکا اور اسامہ میر بھی 10 رنز بنانے کے بعد تبریز شمسی کی تیسری وکٹ بن گئے۔ اس کے بعد کراچی کنگز کو ملتان سلطانز کی بساط لپیٹنے میں زیادی دیر نہ لگی اور پوری ٹیم صرف 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی کراچی کنگز نے میچ میں 66 رنز کے بڑے مارجن سے فتح حاصل کر کے دو قیمتی پوائنٹس اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ایوریج کو بھی بہتر بنا لیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے اسپنرز نے بہترین باو¿لنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے 8 بلے بازوں کو چلتا کیا۔ سلطانز کے شعیب ملک اور تبریز شمسی نے تین، تین جبکہ کپتان عماد وسیم اور عاکف جاوید نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں