لاہور(سپورٹس رپورٹر)مختصر کرکٹ فارمیٹ میں دھواں دار بلے بازی سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے کرکٹر افتخار احمد نے بابر اعظم کی کپتانی پر تنقید کرنے کو”گناہ“کے مترادف قرار دے دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق جارحانہ کرکٹ کھیلنے والے افتخار احمد ایک انٹرویو میں بابر اعظم کی قائدانہ صلاحیتوں پر کھل کر بولتے ہوئے کہا کہ دنیا میں بابر اعظم جیسا کھلاڑی کوئی نہیں ہے،بابر اعظم پر تنقید کرنے سے پہلے ان جیسا کرکٹر بنیں اور پھر بات کریں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلنے والے افتخار احمد نے بابر اعظم کی کپتانی پر تنقید کرنے کو گناہ کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اور ٹیم انتظامیہ نے جس طرح کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا،وہ بہت اچھا تھا،کسی بھی دوسری ٹیم کی طرح بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا،اچھا کھیلنا اور اعتماد برقرار رکھنا بہت اہم ہے،کھلاڑی کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ سخت محنت اور ٹریننگ کی وجہ سے میں سال بھر مسلسل کرکٹ کھیل سکتا ہوں کیونکہ یہ میرا پیشہ ہے اور مجھے فٹنس کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی بڑی مہارت اور صلاحیت کے حامل ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ٹیموں کے درمیان سخت میچز کا رجحان ہے اور اچھی کرکٹ کھیلی جا رہی ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Iftikhar-Ahmad-and-Babar-azam-1200x480.jpg)