لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایونٹ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم اور پشاور زلمی کے کپتان سٹار بلے باز بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 9 ہزار رنز بنانے کا نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔بابراعظم نے یہ کارنامہ 245ویں اننگز میں انجام دیا، کپتان بابر نے پی ایس ایل 8 الیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 64 رنز بناکر سنگ میل عبور کیا۔اس سے قبل ویسٹ انڈیس کے کرس گیل نے 249 اور بھارتی سابق کپتان ویرات کوہلی نے 271 اننگز میں 9 ہزار رنز بنائے۔ پاکستان سپر لیگ کے ایلیمنٹر 1 میں پشاور زلمی کی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 39 گیندوں پر 64 سکور کی جارحانہ باری کھیلی اس باری میں انہوں نے شاندار 10 چوکے لگائے،ان کی اس باری کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کے دوران تیز ترین 9 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز کرس گیل سے چھین لیا۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے تو بابر اعظم نے 245 اننگز میں تیز ترین 9 ہزار رنز بنائے، انہوں اپنے اس کیریئر میں 76 نصف سنچریاں اور 8 تھری فیگر اننگز کھیلیں اور 9 ہزار سکور کا بیریئر کراس کیا۔بابر اعظم نے 8 ہزار سے 9 ہزار رنز کا سفر صرف 27 اننگز میں مکمل کیا۔ ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم تیز ترین 7 ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ تیز ترین 8 ہزار رنز اور تیز ترین 6 ہزار رنز کی فہرست میں بابر کا دوسرا نمبر تھا۔پشاور زلمی کے کپتان نے ایک ہزار رنز 36، دو ہزار 70، تین ہزار 92، چار ہزار 115 جبکہ پانچ ہزار رنز 145 اننگز میں مکمل کیے تھے۔پاکستانی بیٹر نے 6 ہزار رنز کا سنگ میل 165، سات ہزار 187 اور آٹھ ہزار رنز 218 اننگز میں مکمل کیے۔دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے 271 باریوں میں نو ہزار رنز بنائے ہوئے ہیں۔دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے 273 ، ایرون فنچ نے 281 اننگز میں 9000 رنز بنائے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/336520823_199720029354411_9189446692183055339_n-1200x480.jpg)