سڈنی(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا کے معروف سابق ٹیسٹ کرکٹر مائیکل سلیٹر کو پولیس آفیسر پر حملہ کرنے کے الزام میں ایک مرتبہ پھر گرفتار کرلیا گیا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق مائیکل کے حملے سے پولیس آفیسر کا ہاتھ زخمی ہوا،پولیس مائیکل سلیٹر کو نوسا مجسٹریٹ کورٹ میں 2 مئی کو پیش کرتے ہوئے پولیس کے کام میں مداخلت اورسیکیورٹی افسر پر حملے کا الزام ثابت کرے گی۔ واضح رہے کہ مائیکل سلیٹر کو اس سے قبل ایک کیس میں 2 سال جیل ہو چکی ہے اور وہ کمیونٹی کے لیے کام کر کے سزا مکمل کر رہے ہیں۔ مائیکل سلیٹر نشے کی حالت میں رہنے اور گھریلو تشدد کے واقعات کے باعث مینٹل ہیلتھ ہسپتال میں داخل رہ چکے ہیں۔ سابق بلے باز 1993 سے 2001 تک 74 ٹیسٹ کھیل کر آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے،مائیکل سلیٹر نے ون ڈے میں 24.07 کی اوسط سے 987 رنز جبکہ ٹیسٹ میں 42.83 کی اوسط سے 5312 رنز سکور کیے ہیں، ان کا شمار آسٹریلیا کے ممتاز آل راﺅنڈرز میں ہوتا ہے۔یاد رہے کہ مائیکل سلیٹر اس سے قبل بھی اس وقت میڈیا میں شہ سرخیوں کی زینت بنے تھے جب انہوں نے آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن کو کورونا وائرس کیخلاف اٹھائے گئے ناکافی اقدامات پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اس کے بعد سے وہ ٹی وی پر نمایاں عہدوں پر فائز ہیں لیکن انہیں آسٹریلیا کے چینل سیون نے برطرف کر دیا تھا۔
