لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا ہے کہ پاکستان پہنچنے پر بڑا اچھا استقبال کیا گیا، پہلی بار 1990 میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پاکستان آیا تھا۔ پاکستان میں تین سال تک کوچنگ کی، تجربہ بڑا شاندار رہا، دوبارہ پاکستان ٹیم کی کوچنگ کرنا اعزاز کی بات ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق گرانٹ بریڈبرن نے کہا کہ پاکستان واپس آکر بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے۔ رات دو بجے بھی میرا پرتپاک استقبال کیا گیا، دوبارہ یہاں آکر کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ میں پہلی مرتبہ 1990 میں پاکستان آیا جب نیوزی لینڈ ٹیم نے یہاں کا دورہ کیا تھا، پھر بحیثیت کوچ میں نے تین زبردست سال اس ٹیم کے ساتھ گزارے۔بریڈ برن نے کہا کہ مکی آرتھر اور پاکستانی پلیئرز کے ساتھ کام کرنے کابہترین تجربہ رہے گاجس کے لیے میں پرجوش ہوں ، پاکستان ٹیم میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے میں اپنا کردار ادا کروں۔