لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے ایشیا کپ کی میزبانی کا حق کھویا تو رواں برس بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ابھی تک اس پیشکش کا باضابطہ جواب نہیں دیا، تاہم نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بھارت چاہتا ہے کہ پورا ٹورنامنٹ پاکستان سے باہر ہو۔نجم سیٹھی نے کہا کہ رواں سال بھارت میں ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ہونے والی 2025 کی چیمپئنز ٹرافی پر بھی اس کے سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام میچز کا غیر جانبدارانہ انعقاد چاہتے ہیں، بی سی سی آئی کو اچھا اور عقلی فیصلہ کرنا چاہیے تاکہ ہمیں آگے بڑھنے میں کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت کو ایسی صورتحال کی طرف نہیں بڑھنا چاہیے جس سے ہم ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کریں اور پھر بھارت چیمپئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کرے۔انہوں نے کہا کہ اس سے بہت بڑی الجھن ہوگی، سری لنکا اور بنگلہ دیش بھی متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کے خلاف سامنے آئے جس سے مقامی میڈیا میں یہ قیاس آرائیاں بڑھ رہی ہیں کہ ایشین کرکٹ کونسل پورے ٹورنامنٹ کو پاکستان سے باہر منتقل کرنے پر غور کر سکتی ہے۔مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان سے ایشیا کپ کی منتقلی قابل قبول نہیں ہے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ اگر ورلڈ کپ ہوا تو پاکستان اس کا بائیکاٹ کرے گا اور اس بات کے حقیقی امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی کبڈی، بیس بال سمیت دیگر ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں تو اب کیا ہوا، بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان کیوں نہیں آسکتی۔