ورلڈکپ کیلئے آنکھوں پر پٹی باندھ کر ٹیم کا اعلان کیا گیا،کامران اکمل

لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے اگلے ماہ شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی سکواڈ کی سلیکشن پر کڑی تنقید کی ہے۔
کامران اکمل نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم چیف سلیکٹر، کوچ اور کپتان کی پسند سے بنائی گئی ہے، کل کو اگر کھلاڑی پرفارم نہیں کرتے تو یہ سب اپنے اوپر دبا ولینے کے بجائے کرکٹرز پر بوجھ ڈالیں گے کہ انہوں نے پرفارم نہیں کیا جبکہ ٹیم تو آپ نے ہی سلیکٹ کی تھی۔
وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ اس ٹیم کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے آنکھوں پر پٹی باندھ کر ٹیم کا اعلان کیا گیا، یہ سکواڈ ایک بار پھر دوستی یاری کے لیے بنایا گیا ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا چیف سلیکٹر صاحب کو کھلاڑیوں کی پرفارمنس نظر نہیں آرہی؟ جو ٹیم میں ہونے کا مستحق ہے اسے ضرور ہونا چاہیے، شرجیل خان کو سکواڈ کا حصہ بنانا چاہیے تھا، اس کے علاوہ شعیب ملک تجربے والا کھلاڑی ہے اسے شامل کرنا چاہیے تھا۔
مڈل آرڈر بیٹر سے متعلق کامران اکمل کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں شعیب کی ٹوئٹ کی وجہ سے اس کا راستہ رک گیا۔کامران اکمل نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹیمیں کھلاڑیوں کے سیکھنے کے لیے نہیں بنائی جاتیں، پرفارمنس کے لیے بنتی ہیں، یہ ایونٹ روز روز نہیں ہوتے، اللہ کرے ہماری ٹیم اچھی پرفارم کرے لیکن اس سے زیادہ اچھی ٹیم کا انتخاب ہو سکتا تھا۔وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے ہمارے لوگوں کی یادداشت بہت کمزور ہے، ایشیا کپ میں مڈل آرڈر پر کافی تنقید ہوئی سب نے بہت بات کی لیکن اب نیا ایونٹ شروع ہونے والا ہے تو سب بھول جائیں گے اور اگلی خوشی کا انتظار کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں