بھارتی اینکر شان مسعود کے گرویدہ، دوران شو قصیدے پڑھنے لگے

کراچی (سپورٹس رپورٹر )بھارتی اینکر نکھل ناز قومی ٹیم کے بیٹر شان مسعود کے گرویدہ ہوگئے اور دیگر ساتھی اینکرز کو بھی پاکستانی بیٹر کے تجزیے سننے کا مشورہ دے ڈالا۔
سوشل میڈیا پر بھارت کے سپورٹس پروگرام کا ایک کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں اینکرز وکرانت گپتا اور نکھل ناز کو پاکستانی کھلاڑیوں کے گن گاتے دیکھا گیا۔دوران پروگرام وکرانت گپتا کا کہنا تھا کہ میں نے ایشیا کپ کے دوران محمد حفیظ کو بڑے دھیان سے سنا، وہ ایک سمجھدار کھلاڑی ہیں جنہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں کے لیے سچ بولا، میں ان کو سننا چاہتا ہو ں۔جس پر نکھل ناز کا کہنا تھا کہ اگر آپ کو پاکستانی تجزیہ کار پسند ہیں تو آپ شان مسعود کو لازمی سنیے، وہ ٹیم کے باہر نہیں بلکہ اندر بیٹھے ہیں کیوں کہ وہ اس وقت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سکواڈ کے لیے ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں، اگر آپ نے ان کے تجزیے سن لیے تو آپ بھی ان کے مداح ہو جائیں گے۔
نکھل ناز نے مزید کہا کہ میں نے شان مسعود سمیت کئی لوگوں کے ساتھ کام کیا لیکن شان مسعود کی انگلش بہت اچھی ہے، ان کی معلومات بہت زیادہ ہے، ان کو دنیا کی ہر لیگ کا پتا ہے، کس لیگ کا کھلاڑی کب کہاں اور کیسے کھیلا؟ میں ان کا فین ہوں۔بھارتی صحافی کا دیگر اینکرز سے کہنا تھا کہ پہلے ان کے اسٹرائک ریٹ کے حوالے سے مسئلہ تھا لیکن اب انھوں نے وہ بھی ٹھیک کر لیا ہے، میں ان کی کچھ ویڈیوز بھی آپ کے ساتھ شیئر کروں گا آپ ان کے تجزیے سن کر ان کے مداح ہو جائیں گے کیونکہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں