انگلینڈ نے پاکستان کو با آسانی شکست دے دی،سیریز تین تین سے برابر

لاہور (سپورٹس رپورٹر)قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے چھٹے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک طرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین تین سے برابر کر دی، انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 170 رنز کا ہدف 14 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس میں قومی ٹیم نے مقرر اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔میچ کی پہلی اننگ میں گرین شرٹس کی جانب سےکپتان بابراعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 59 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ افتخار احمد 31 رنز سکور کرکے نمایاں رہے۔ گیند بازی میں انگلینڈ کے سیم کرن اور ڈیوڈ ولے دو،دو جب کہ ریس ٹاپلی ایک کھلاڑی کو شکار کرنے میں کامیاب رہے۔
170رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کے سلامی بیٹرز نے پاکستانی بولرز کو گراونڈ کے چاروں اطراف چوکے،چھکے لگائے اور تین اوورز میں ففٹی جڑ دی۔مہمان ٹیم کے فلپ سالٹ نے 41 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،ان کی جارحانہ اننگز میں 3 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔ان کے علاوہ ایلکس ہیلز نے 27،ڈیوڈ مالان اور بین ڈیکٹ نے 26، 26 رنز کی باری کھیلی۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بتایا کہ ٹاس اپنے ہاتھ نہیں، اگر جیت جاتا تو بولنگ کا فیصلہ کرتا۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کو 160 170 رنز تک کا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ مقابلے میں پاکستان نے انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی 2 اکتوبر بروز اتوار قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں