برسبن(سپورٹس رپورٹر )قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی20 ورلڈکپ سے قبل وارم اپ میچ میں افغان بیٹر رحمان اللہ گرباز کو یارکر مار کر ہسپتال پہنچا دیا۔
افغانستان کے خلاف وارم اپ میچ میں شاہین آفریدی نے افغان اوپنرز حضرت اللہ ززئی اور رحمان اللہ گرباز کو بیک فٹ پر کردیا تھا، اس دوران فاسٹ بولر نے ایک یارکر کروائی جو بیٹر کے پاوں پر جالگی جس کے باعث وہ شدید تکلیف میں دیکھائی دیے جبکہ امپائر نے انہیں آوٹ قرار دیدیا تھا۔افغان کرکٹر کے علاج کے لیے فزیو فوری طور پر گراونڈ میں آگئے تھے تاہم گرباز کو چلنے میں مشکل درپیش تھی جس کے باعث انہیں متبادل فیلڈر نے میدان سے باہر لے گیا۔رحمان اللہ گرباز کو بائیں پاوں کے سکین کے لیے قریبی ہسپتال لے جایا گیا ہے، جس کے بعد انکی انجری کے حوالے سے اپ ڈیٹ دی جائے گی۔
دوسری جانب ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں افغانستان کو اپنا پہلا انگلینڈ کے خلاف کھیلنا ہے۔واضح رہے کہ وارم اپ میچ میں افغانستان پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے تھے جبکہ شاہین آفریدی اور بھارث رف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تھی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنرز نے 2.2 اوورز میں 19 رنز بنائے تھے تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا۔
