بلیو ٹک سے محروم ٹوئٹر صارفین کے لئے پریشان کن خبر آ گئی

کیلی فورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک)مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹرکے غیر تصدیق شدہ اکاونٹ ہولڈرز کے لیے پریشان کن خبر آ گئی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ کے صارفین کی ٹوئٹ پڑھنے کیلئے عارضی طور پر حد مقرر کرتے ہوئے ایلون مسک نے نئی پالیسی کا اعلان کر دیا۔ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کی جانب سے متعارف کروائی گئی نئی پالیسی کے تحت بلیو ٹک والے تصدیق شدہ اکاونٹس اب 6 ہزار ٹوئٹ روزانہ پڑھ سکیں گے جبکہ ٹوئٹر کی نئی پالیسی کے تحت غیر تصدیق شدہ اکاونٹ صرف 6 سو ٹوئٹ پڑھ سکیں گے۔نئی پالیسی کے تحت ٹویٹر پر آنے والے نئے صارفین کیلئے ٹویٹ پڑھنے کی حد صرف 300 ٹوئٹس ہوگی۔یاد رہے کہ ٹویٹر نے حال ہی میں پلیٹ فارم پر موجود تمام اکاونٹس سے بلیو ٹِکس کو ہٹا دیا تھا،اب تصدیقی بیج حاصل کرنے کا واحد طریقہ آٹھ ڈالر( تقریباً 2288 پاکستانی روپے)ماہانہ پر ٹویٹر بلیو سروس سبسکرائب کرنا ہے، ٹویٹر بلیو سروس تمام سبسکرائبرز کو ٹویٹ میں ترمیم، 10,000 کریکٹر کیپ فی ٹویٹ،اعلیٰ معیار کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی صلاحیت،زیادہ مرئیت،ایس ایم ایس کے ساتھ ٹو فیکٹر تصدیق اور نیلے رنگ کے چیک مارکس جیسی خصوصیات فراہم کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:یوٹیوب کی جانب سے تھمب نیل کے ذریعے ویڈیو کو پر کشش بنانے کی نئی سہولت متعارف کرادی گئی

واضح رہے کہ ٹوئٹر پر آپ نے اکثر ملکی سربراہان،سیاستدانوں،شوبز شخصیات،مصنفوں،صحافیوں اور دیگر شعبوں میں اعلیٰ سطح پر کام کرنے والے افراد کے ٹوئٹر اکاونٹ میں ان کے نام کے آگے ایک’بلیو ٹک‘ کا نشان دیکھا ہو گا۔اس’بلیو ٹک‘کے حامل اکاونٹس کو ٹوئٹر کی جانب سے تصدیق شدہ اکاونٹس قرار دیا جاتا ہے یعنی ان افراد نے اپنے پیشے،رتبے سے متعلق جو دیگر تفصیلات فراہم کی ہیں وہ درست ہیں۔ٹوئٹر پر بلیو ٹک کے حامل اکاونٹس کو معتبر اور درست سمجھا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں