لاہور( ایجوکیشن رپورٹر)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں سٹیم(سائنس،ٹیکنالوجی،انجینئرنگ، ریاضی)مقابلہ جات اور پاکستان بھر سے سالِ آخر کے پراجیکٹس کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔نمائش کا انعقاد یو ای ٹی سائنس سوسائٹی نے کیا۔سٹیم مقابلوں میں یو ای ٹی لاہور کے تمام شعبہ جات کے ساتھ ساتھ اس کے سب کیمپسز،جس میں یو ای ٹی فیصل آباد،یو ای ٹی نارووال،یو ای ٹی نیو کیمپس کالا شاہ کاکو اور رچنا کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی گوجرانوالہ شامل ہیں نے بھی بھر پور شرکت کی۔
وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے سائنس سوسائٹی کے ایڈوائزر ڈاکٹر شاہد رفیق کے ہمراہ تقریب کا افتتاح کیا اور پورے پاکستان کی 20 سے زائد جامعات کے طلباء کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا۔انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹیم مقابلہ جات کا انعقاد بہت حوصلہ افزاء ہے،اس طرح کے مقابلوں سے طلباء میں نئی ایجادات کرنے کے حوالے سے نا صرف شوق پیدا ہوتا ہے بلکہ یہ طلباء میں تنقیدی سوچ،خود کار طریقے سے کام کرنے اور آپس میں تعاون کو فروغ دیتے ہیں،آج کے اس مقابلے میں بھی بہت سارے پراجیکٹ ایسے ہیں جن پر توجہ دی جائے تو مستقبل میں ملک کی ترقی کے حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ سٹیم مقابلہ جات ہر سال سائنس اور ٹیکنالوجی کے طلباء کی صلاحیتوں کو ابھارنے کیلئے منعقد کئے جاتے ہیں،یہ مقابلہ جات پہلے یونیورسٹی کی سطح اور پھر بین الیونیورسٹی سطح پر کروائے جاتے ہیں،جس کے تحت پہلے تین درجات حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے جاتے ہیں۔رواں سال بھی طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں بالترتیب 50 ہزار،30 ہزار اور 20 ہزار کے کیش انعامات دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔