لاہور(وقائع نگار خصوصی) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر الفرید ظفر سے لاہور جنرل ہسپتال میں نئی تعینات ہونے والی ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ زمرد خورشیدنے ملاقات کی اور اس ملاقات میں مریضوں کی بہتر نگہداشت، وارڈ مینجمنٹ،ڈسپلن، حاضری اور ریکارڈ اپ ٹو ڈیٹ رکھنے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر فریاد حسین بھی موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جاری کردہ صحت سہولت کارڈ کے بارے میں مریضوں و اُن کے لواحقین کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے سسٹر انچارج کو پابند بنائیں تاکہ ہسپتال میں داخل مریض اس سہولت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مفت علاج حاصل کر سکیں۔ پرنسپل نے ڈی سی این ایس سے کہا کہ وہ اپنی انتظامی و تعلیمی صلاحیتوں کو برؤئے کار لاتے ہوئے ہسپتال کی کارکردگی میں مزید اضافے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں اور مانیٹرنگ اور فیڈ بیک کے میکنزم پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
پروفیسر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں دین اور دنیا کی نعمتوں سے سرفراز ہونے کے لئے دیانتداری، فرض شناسی اور پیشہ وارانہ لگن سے ہمہ وقت کام کرنا چاہیے کیونکہ مریض ہیلتھ پروفیشنلز کے پاس اللہ تعالیٰ کی امانت ہوتے ہیں لہذا ان کی بہتر سے بہتر دیکھ بھال ڈاکٹرزاورنرسز کی اولین ترجیح ہے،ا سی طرح ہسپتال آنے والے مریضوں اور اُن کے لواحقین سے ہمیشہ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔انہوں نے ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ وہ شعبہ ایمرجنسی سمیت تمام ڈیپارٹمنٹس کا دن میں کم از کم دو مرتبہ راؤنڈ کر کے موقع پر صورتحال کا جائزہ لیں اور ڈسپلن، حاضری اور ریکارڈ کو چیک کریں۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے نئی تعینات ہونے والی ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ زمرد خورشید کو نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد دی اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ زمرد خورشید نے پرنسپل پی جی ایم آئی اور ایم ایس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اُن کے لئے یہ ذمہ داری کسی اعزاز سے کم نہیں کہ انہیں اس تاریخی ہسپتال میں کام کرنے کا موقع ملا ہے اور وہ حکومت، ہسپتال انتظامیہ اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے ہر کوشش برؤئے کار لائینگی۔
